حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں قائد شہید علامہ سید عارف حسین حسینی پاکستان کے خمینی اور عظیم قائد تھے جنہوں نے دین اسلام کی انقلابی تعلیمات کی روشنی میں جدوجہد کی۔ آپ فکر خمینی رح کے مبلغ اور قوم کو سیدھی راہ دکھانے والے تھے۔
قائد شہید علامہ عارف حسین حسینی کی 32 ویں برسی کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان ہر سال کی طرح اس عظیم قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ملک گیر برسی کا اہتمام کر رہی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ قائد شہید کے پاکیزہ افکار و نظریات کی علمبردار جماعت ہے۔
انہوں نےکہا کہ بزدل دشمن اس غلط فہمی کا شکار تھا کہ عارف حسین حسینی کے قتل سے ان کے انقلابی افکار ختم ہو جائیں گے مگر عارف حسینی آج بھی زندہ و تابندہ ہے۔ 32 سال بعد بھی کروڑوں پاکیزہ انسانوں کے دلوں میں عارف الحسینی آج بھی زندہ ہے حسینی افکار آج بھی باطل کے لئے موت کا پیغام ہے۔
انہوں نےکہا کہ سامراج دشمنی اسلام دشمن استکباری قوتوں کے مقابل ڈٹ جانا قوم میں شعور اور بصیرت ایجاد کرنا اور پھر ملت کو نظام ولایت و امامت سے متصل کرتے ہوئے نائب امام خمینی بت شکن کی اطاعت پر آمادہ کرنا قائد شہید کے عظیم اور ناقابل فراموش اقدامات تھے۔ آپ نے ضیائی آمریت کے ساتھ ساتھ آل سعود کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا عارف الحسینی صدیوں تک اپنے پاکیزہ افکار اور الہی تعلیمات کے ساتھ زندہ رہے گا ہم اپنے خدا سے عہد کرتے ہیں کہ اس عظیم قائد کی راہ اور الہی جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے۔